سوات مینگورہ بائی پاس: سیلابی ریلے میں خواتین و بچوں سمیت متعدد سیاح بہہ گئے، اموات اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری

سوات کے علاقے مینگورہ بائی پاس اور ملحقہ فضا گٹ میں جمعہ کے روز دریائے سوات میں اچانک سیلابی ریلے سے بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد سیاح بہہ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 15 سے زائد افراد اس ریلے کی زد میں آئے جن میں مزید لاشوں کے ملنے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو آپریشن میں اب تک پانچ افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ دو بچوں کی لاشیں بھی مل گئی ہیں۔ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے تاہم 10 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ ایک ہی خاندان کے 13 افراد اس حادثے میں متاثر ہوئے اور لاپتہ افراد میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔

تیز بہاؤ اور مشکل زمینی حالات کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے 80 سے زائد اہلکار سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ میئر مینگورہ اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا کے کناروں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو سے فوری رابطہ کریں۔

عینی شاہدین کے مطابق سیاحوں کا ایک بڑا گروپ دریا کے کنارے پکنک منا رہا تھا کہ اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ متاثرہ خاندان شدید صدمے میں ہے جبکہ علاقہ مکین مدد کیلئے انتظامیہ سے تعاون کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں دیگر لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں مصروف عمل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں