کراچی: سوشل میڈیا پر لیاری کے رہائشی نوجوان سے محبت کے بعد شادی کیلئے تیونس سے کراچی آنے والی 19 سالہ سندہ عیاری کی کہانی کا ڈراپ سین ہوگیا، شوہر سے طلاق کے بعد لڑکی نے خودکشی کی کوشش کی جس کے بعد اب اسے وطن واپس بھیجنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق، ویمن پولیس اسٹیشن لیاقت آباد نے تیونسی لڑکی کو تیونسی سفارت خانے کے حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ سفارت خانے کی مدد سے اسے اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے جہاں سے اس کی تیونس واپسی کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 19 سالہ سندہ عیاری کی دوستی لیاری کے علاقے کھڈہ مارکیٹ کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر ہوئی تھی۔ محبت پروان چڑھنے پر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا، جس کے بعد لڑکی پاکستانی ویزا حاصل کرکے 28 نومبر 2024 کو کراچی پہنچی اور دونوں نے شادی کرلی۔
ابتدائی طور پر جوڑا خوش و خرم زندگی گزارتا رہا تاہم حالیہ مہینوں میں معمولی تنازعات نے جنم لیا جو بالآخر طلاق پر منتج ہوئے۔ مقامی پولیس کے مطابق، پاکستانی شوہر کی جانب سے طلاق دیے جانے کے بعد سندہ عیاری نے لیاری میں خودکشی کی کوشش بھی کی۔
طلاق کے بعد سندہ عیاری پاکستان میں پھنس کر رہ گئی تھیں کیونکہ ان کا 90 روزہ ویزا 18 فروری کو ختم ہوچکا تھا، جس کی وجہ سے وہ اپنے ملک واپس جانے سے قاصر تھیں اور اپنی صورتحال پر شدید پریشانی کا شکار تھیں۔
جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد وزارتِ داخلہ نے فوری ایگزٹ پرمٹ جاری کرنے کی پیشکش کی۔ وزارت کے ویزا حکام نے لڑکی کے دستاویزات طلب کیے اور ایگزٹ کلیئرنس کے لیے آن لائن درخواست دینے کا مشورہ دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچنے سے قبل لڑکی نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ ایک ویڈیو بیان میں سندہ نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا، “میرا منصوبہ ٹکٹ خرید کر جانے کا تھا، عامر نے نہ میری پرواہ کی اور نہ ہی توجہ دی۔”
پولیس کے مطابق لڑکی نے عامر کے خلاف تشدد یا زیادتی کی کوئی باقاعدہ شکایت درج نہیں کروائی ہے۔ اس کی غیر محفوظ حالت کے پیش نظر پولیس اسے پناہ فراہم کر رہی ہے اور تیونس بحفاظت واپسی کے انتظامات کر رہی ہے۔