امریکی گوری پاکستانی نوجوان کی محبت میں دیر بالا پہنچ گئی، اسلام قبول کرکے نام بھی بدل لیا

دیر بالا: (جیو نیوز) محبت سرحد نہیں دیکھتی، اس کہاوت کو سچ ثابت کرتے ہوئے ایک امریکی خاتون دو سالہ فیس بک دوستی کو رشتے میں بدلنے کیلئے خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا پہنچ گئیں۔

دیر بالا کے رہائشی ساجد زیب خان کے مطابق ان کی اور امریکی خاتون منڈی کی دوستی دو سال قبل فیس بک پر ہوئی تھی جو محبت میں بدل گئی۔ منڈی شادی کیلئے گزشتہ روز پاکستان پہنچی تھیں۔

ساجد زیب خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ شب ان کا اور منڈی کا نکاح ہوگیا ہے، جبکہ منڈی نے اسلام قبول کرلیا ہے اور ان کا اسلامی نام زلیخا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی دلہن کی آمد سے گھر میں خوشیوں کا سماں ہے، جبکہ امریکی دلہن نے بھی ساجد سے شادی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

شکاگو سے تعلق رکھنے والی امریکی خاتون پیشے کے لحاظ سے فلائٹ اٹینڈنٹ ہیں۔ وہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں جہاں ساجد نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد وہ دیر بالا کے علاقے عشیرئی درہ پہنچے جہاں مقامی افراد نے امریکی مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ساجد کا کہنا تھا کہ دو سال کی آن لائن دوستی کے بعد منڈی نے انہیں شادی کی پیشکش کی جو انہوں نے قبول کرلی اور دونوں نے اپنے خاندانوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔

ساجد کے گھر سے ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں منڈی نے کہا: ’’میرا نام منڈی ہے اور میں امریکا سے آئی ہوں۔ میں پہلی بار پاکستان آئی ہوں، یہ ایک بہت خوبصورت اور پرامن ملک ہے۔ میں ساجد خان کیلئے یہاں آئی ہوں اور ہم جلد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘‘

اپنا تبصرہ لکھیں