’قاتل پہاڑ‘ سر کرنے والی قطری شہزادی کو وزیراعظم نے اہم ذمہ داری سونپ دی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں ’قاتل پہاڑ‘ نانگا پربت سر کرنے والی قطری شہزادی شیخہ اسماء الثانی کو پہاڑوں اور سیاحت کے لیے پاکستان کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کردیا ہے۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں قطری شہزادی کو گلگت بلتستان میں واقع دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی سر کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کو ہمت اور استقامت کی علامت قرار دیا۔

وزیراعظم نے لکھا، ”مجھے ہر ہائینس شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔“

انہوں نے مزید کہا، ”نانگا پربت سر کرنے پر میں ہر ہائینس کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ واقعی متاثر کن ہے! ان کی کامیابی ہمت اور عزم کا ایک مضبوط پیغام دیتی ہے اور یہ پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار دوستی کا ثبوت ہے۔“

واضح رہے کہ نانگا پربت اپنے دشوار گزار راستوں اور شدید موسمی حالات کی وجہ سے ‘قاتل پہاڑ’ کے نام سے مشہور ہے اور اسے کوہ پیماؤں کے لیے دنیا کی مہلک ترین چوٹیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

شیخہ اسماء نے اس خطرناک پہاڑ کو سر کرنے کے بعد اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں چوٹی تک کے اپنے کٹھن سفر کے بارے میں اپنے تاثرات شیئر کیے۔

انہوں نے لکھا، ”الحمدللہ – نانگا پربت۔ میرا نواں 8000 میٹر کا پہاڑ اور میری اب تک کی سب سے مشکل چڑھائیوں میں سے ایک۔ اس پہاڑ نے مجھے ایسے طریقوں سے آزمایا جس کی مجھے توقع نہیں تھی، میرے پیروں کے نیچے کالی برف سے لے کر ہر چند سیکنڈ میں گرنے والے پتھروں تک۔ یہ اس بات کی مسلسل یاد دہانی تھی کہ زندگی کتنی نازک ہے۔“

انہوں نے مزید لکھا، ”لیکن اس خطرے میں بھی ترقی تھی۔ اس میں خود سپردگی تھی اور وہ طاقت تھی جس کا مجھے علم نہیں تھا کہ مجھ میں اب بھی موجود ہے۔ میں صرف چوٹیاں سر کرنے کے لیے نہیں چڑھتی بلکہ ان چیزوں کی طرف لوٹنے کے لیے چڑھتی ہوں جو اہم ہیں، شور کو ختم کرنے اور خود سے دوبارہ جڑنے کے لیے۔ یہ پہاڑ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔“

اپنا تبصرہ لکھیں